متھیرا بغیر اجازت بنائی گئی ویڈیو شیئر کرنے پر چاہت فتح پر پھٹ پڑیں

پاکستان کی نامور میزبان و ماڈل متھیرا نے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے چاہت فتح علی خان کی جانب سے شیئر کردہ نامناسب ویڈیو کے خلاف برہمی کا اظہار کیا ہے۔متھیرا نے اس ویڈیو پر اپنے شو میں سخت ردعمل دیا اور اعتراف کیا کہ یہ ویڈیو ان کی بغیر اجازت غلط اینگل سے بنائی گئی جب کہ سوشل میڈیا پر شیئر بھی بغیر اجازت کی گئی۔متھیرا نے کہا ‘جب بھی کوئی مہمان ہمارے شو پر آتا ہے تو میں انہیں عزت دیتی ہوں، پیار سے اور اچھے انداز سے پیش آتی ہوں لیکن اس انداز میں ویڈیو بنانا انتہائی بری حرکت تھی، بولڈ ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ کوئی بھی دیکھے اور گلے لگالے’۔ماڈل و میزبان نے کہا کہ ‘میں انتہائی بے آرام محسوس کررہی تھی، یہ ویڈیو ہمارے کیمروں سے نہیں بلکہ چاہت فتح کی جانب سے بغیر اجازت بنائی گئی، مجھے یا میری ٹیم کو اس ویڈیو بنائے جانے کا علم نہیں تھا، شو کے کیمرے کہیں اور ہوتے ہیں جب کہ یہ ویڈیو دوسری جگہ سے بنائی گئی ہے جس کی اجازت نہیں ہوتی’۔متھیرا نے مزید کہا ‘ ایک عورت ہونے کی حیثیت سے یہ سب تکلیف دہ تھا کیونکہ میں یہ سب حرکتیں نہیں کرتی کہ لوگوں کو گلے لگاؤں’۔انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ چاہت فتح نے بغیر اجازت ویڈیو پوسٹ کی اور بعد میں جب انہیں ہٹانے کا کہا گیا تو انہوں نے نہیں ہٹائی اور نہ ہی معافی مانگی۔متھیرا نے ناظرین کو متنبہ کیا کہ اگر وہ انہیں کہیں دیکھیں تو نہ انہیں گلے لگائیں اور نہ ہاتھ ملانے کی کوشش کریں۔متھیرا نے مزید کہا کہ وہ اپنے سیٹ سے روانگی کےلیے تیار تھیں، باہر ان کی گاڑی کھڑی ہوئی تھی کہ اس دوران چاہت فتح علی خان نے ویڈیو بنائی جس کے فوری بعد وہ سیٹ سے چلی گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

en_USEnglish