لاہور:بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے اور چیمپئنز ٹرافی 2025ءکے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کے فیوژن ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کر دی۔2026کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاک-بھارت میچ بھارت میں نہیں بلکہ سری لنکا میں منعقد ہوگا، پی سی بی کا بڑا مطالبہ پورا ہونے کے بعد چیمپینز ٹرافی کے شیڈول اعلان چند دنوں متوقع ہے۔بھارتی نیوز ویب سائٹ انڈیا ٹو ڈے نے رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان معاہدے کے بعد چیمپئنز ٹرافی2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی، جس کے میچز پاکستان اور دبئی میں منعقد کیے جائیں گے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں بورڈز کا 2026کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے اتفاق رائے ہو گیا ہے، جس کے تحت پاکستان، بھارت کے خلاف لیگ مرحلے کے میچز بھارت میں نہیں بلکہ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گا۔انڈیا ٹو ڈے کے مطابق پی سی بی کو بھارت کے میچوں کی میزبانی کا موقع ضائع کرنے پر کوئی زر تلافی نہیں دیا جائے گا، تاہم اس کے بدلے میں پی سی بی کو 2027ءکے بعد آئی سی سی وویمن ٹورنامنٹ کی میزبانی ملے گی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تینوں پارٹیاں آئی سی سی، بی سی سی آئی اور پی سی بی اس پیش رفت پر خوش ہیں۔یاد رہے کہ 11دسمبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ پی سی بی نے چیمپینز ٹرافی 2025ءمیں بھارت کے ساتھ میچز پر ہائبرڈ ماڈل کے مقف کو برقرار رکھا تھا، دبئی میں چیمپینز ٹرافی کے حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا، پی سی بی کے اعلی عہدے داران مذاکرات میں شریک رہے۔ذرائع نے بتایا تھا کہ بھارت 2026 کے ٹی 20 ورلڈکپ پر ہائبرڈ ماڈل پر راضی نہیں، بھارت پاکستان کو اپنے ملک میں کھیلتا دیکھنا چاہتا ہے اس لیے معاہدے پر دستخط کرنے سے کترا رہا تھا، تاہم پاکستان 3 سال تک ہائبرڈ ماڈل برقرار رکھنے کے مطالبے پر قائم رہا تھا۔دوسری جانب بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی نے دعوی کیا تھا کہ چیمپنئز ٹرافی نہ کھیلنے پر پاکستان کو مالی اور قانونی طور پر بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025ءکا انعقاد 19فروری سے 9مارچ تک شیڈول ہے، جس میں 8ٹیموں کو 2گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ سے سرفہرست 2ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی، اس کے بعد فائنل ہوگا۔