گردے ہمارے جسم میں کسی واٹر فلٹر کی طرح کام کرتے ہیں۔واٹر فلٹر ان چیزوں کو پانی سے خارج کرتا ہے جو ہمارے جسم کے لیے نقصان دہ ہوتی ہیں اور ہمارے گردے بھی یہی کام کرتے ہیں۔گردے خون کو فلٹر کرتے ہیں جس کے دوران زہریلے مواد اور اضافی سیال کو جسم سے خارج کرتے ہیں جبکہ پوٹاشیم، سوڈیم اور دیگر اجزا کی سطح کو متوازن رکھتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ گردے ایسے ہارمونز بھی بناتے ہیں جو بلڈ پریشر سے لے کر ہڈیوں کی مضبوطی کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتے ہیں، آسان الفاظ میں گردے بہت اہم ہوتے ہیں۔ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ہر 10 میں سے ایک فرد کو گردوں کے دائمی امراض کا سامنا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں سیال اور دیگر مواد جسم میں اکٹھا ہونے لگتا ہے۔ہر سال مارچ میں گردوں کا عالمی دن مہینے کی دوسری جمعرات کو منایا جاتا ہے، جس کا مقصد اس اہم عضو کی صحت کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔چند عام چیزیں یاعادات گردوں کے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔یہ بظاہر بہت عام اور بے ضرر عادات یا چیزیں ہوتی ہیں مگر وہ گردوں کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہیں۔