اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی تنہائی ختم ہو گئی جبکہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ممتاز زہرا بلوچ صاحبہ کو فرانس میں پاکستان کا سفیر متعین کیا ہے، اگلے چند روز میں ممتاز زہرا بلوچ فرانس میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی، اگلے ہفتے سے نئے ترجمان دفتر خارجہ بریفنگ دیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 2024 ہمارے لیے اہم سال تھا، الیکشن کے بعد مسلم لیگ ن کو عوام نے مینڈیٹ دیا، وزیراعظم شہبازشریف منتخب ہوئے، بہت سے چیلنجز درپیش تھے، کہا جاتا تھا کہ پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار ہے، ہمارے دور میں تمام شعبوں میں کام شروع ہوا۔نائب وزیر و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 40 سے 45 ہزار ٹی ٹی پی کے افراد واپس پاکستان آئے اور ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کس نے چائے کے پیالے پر ان کے بارڈرز کھلوائیں اور کس نے ٹی ٹی پی کے افراد کو آزاد کیا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پرسوں اڑان پاکستان روڈ میپ قوم کے سامنے رکھا، پاکستان کا جون میں 5سالہ پلان ہوتا ہے، وزیراعظم نے 31دسمبر کو معاشی روڈ میپ قوم کے سامنے پیش کیا، پالیسی ریٹ 22 سے 13 فیصد پر آگیا ہے، مہنگائی 5فیصد کے اردگرد آچکی ہے، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ جی ڈی پی میں مثبت اشاریئے سامنے آئے ہیں، قوم کے ساتھ جو وعدہ کیا تھا اس پر بھی حکومت کوشاں ہے، عوام پر بجلی کا کافی بوجھ تھا اس کی بہت سی وجوہات تھیں، نواز شریف کے دور میں ڈالر 104 روپے کا تھا، ڈالر ریٹ آسمان پر پہنچ گیا،اس کا اثر تکلیف دہ ہوتا ہے۔نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پچھلے سال سے روپے میں بھی استحکام ہے، ایکسپورٹ ،آئی ٹی اور دیگر سیکٹرز میں اضافہ ہورہا ہے، وزیراعظم نے پہلے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کیلئے سکیم دی، پنجاب حکومت نے بھی 200 سے 500 یونٹ والے صارفین کو ریلیف دیا، گرمیوں میں بجلی کی مد میں 50 ارب اور پنجاب میں 57 ارب روپے تک بجلی بلوں میں ریلیف دیا گیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان ہر ہفتے آتا تھا اب نہیں ہے، مہنگائی اب 5 فیصد پر آچکی ہے، وزیراعظم نے پوری ہمت اور کوشش کے ساتھ بجلی بلوں میں ریلیف دیا، گرمیاں دوبارہ آرہی ہیں، وزیراعظم بجلی ریلیف کیلئے مزید کام میں لگے ہوئے ہیں۔