یوم پاکستان پر شوبز شخصیات کو بھی اعلیٰ سول اعزازات سے نوازا گیا

لاہور: پاکستان کی نامور اداکارہ سجل علی، سینئر اداکار عدنان صدیقی، گلوکار راحت فتح علی خان سمیت دیگر شوبز شخصیات کو اعلیٰ سول اعزازات سے نوازا گیا۔گزشتہ روز یوم پاکستان کے موقع پر ملک کیلئے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعلیٰ ترین سول اعزازات دینے کی تقریبات منعقد ہوئی۔
اس دوران فن اور آرٹ کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے پر متعدد نامور شخصیات کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سجل علی
اداکارہ سجل علی کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا، انہوں نے ایوارڈ وصول کرنے والی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ بہت خوشی محسوس کر رہی ہیں اور اس کیلئے وہ اپنی مرحوم والدہ سمیت مداحوں کی شکر گزار ہیں۔سجل علی کو تمغہ امتیاز نوازے جانے پر ماہرہ خان، حریم فاروق، شہزاد رائے، وہاج علی، مایا خان اور دیگر کئی ساتھی اداکاروں نے مبارکباد دی۔
عدنان صدیقی
سینئر اداکار عدنان صدیقی کو فن کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے پر پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’شکریہ ادا کرنے کیلئے نوٹ لکھتے ہوئے میں بہت جذباتی ہوں، پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ حاصل کرنے کا سفر کسی غیر معمولی سے کم نہیں تھا۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایوارڈ اتنا ہی آپ کا ہے جتنا میرا ہے۔‘
جگن کاظم
ٹی وی میزبان جگن کاظم کو ملک کی سب سے بڑی رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’مجھے پی ٹی وی میں کام کرنے پر بہت فخر ہے اور مجھے میڈیا میں اپنے کام کیلئے پہچانے جانے پر اور بھی زیادہ فخر ہے، آج مجھے اپنے ملک کی پہچان ہونے پر سب سے زیادہ فخر ہے۔‘
واسع چودھری
نامور میزبان، اداکار اور رائٹر واسع چودھری کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔
راحت فتح علی خان
صدرمملکت آصف علی زرداری نے راحت فتح علی خان کو پاکستانی اور جنوبی ایشیائی موسیقی کی صنعت کیلئے خدمات پر پاکستان کے دوسرے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’ہلال امتیاز‘ سے نوازا۔فنون لطیفہ، قوالی اور گائیکی کے شعبوں میں ان کی خدمات اور قوالی اور جدید موسیقی کے ذریعے پاکستانی فنون کو عالمی سطح پر لے جانے پر انہیں یہ ایوارڈ دیا گیا۔راحت فتح علی خان نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ ہلال امتیاز اور ستارہ امتیاز ایوارڈز سے نوازا گیا، میں اپنے خاندان، دوستوں اور مداحوں کا شکر گزار ہوں جن کی وجہ سے میں آج تک یہاں پہنچا، میں پوری کوشش کروں گا کہ پاکستان کا اچھا امیج دنیا کے سامنے لاو¿ں۔
بلال لاشاری
فلمساز بلال لاشاری جنہیں فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ سے شہرت ملی، کو تیسرا اعلیٰ ترین اعزاز ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔
عنایت حسین بھٹی
اداکار علی عباس نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ان کے دادا فلمساز، گائیک اور اداکار مرحوم عنایت حسین بھٹی کو ان کے وفات کے 25 سال بعد بالآخر پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔عنایت حسین بھٹی کا ایوارڈ علی عباس نے وصول کیا، اداکار نے مزید لکھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ آج آسمان سے مجھے مسکرا کر دیکھ رہے ہوں گے، میں وعدہ کرتا ہوں کہ ابھی منزلیں اور بھی ہیں، انشاءاللہ‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

en_USEnglish