لڑکی کی قبر کھودنے والا گرفتار؛ ہوش ربا انکشافات سامنے آگئے

راولپنڈی:تھانہ چونترہ کی حدود میں واقع قبرستان میں لڑکی قبر کھودنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم یاسین بخاری کے قبضے سے آدھے انسانی دھڑ کا مٹی کا پتلا ،7 تعویز اور لوہے کی تار سے بندھی 7 کیلیں وغیرہ برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے جائے تدفین پر مداخلت کرنے کے جرم میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 297 کے تحت سب انسپکٹر اسلم پرویز کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ۔مدعی مقدمہ کے مطابق ڈیوٹی پر موجود تھاکہ مرزا سلیمان نے بتایاکہ بیٹی فوت ہوئی جس کی تدفین چونترہ کے مقامی قبرستان میں کی۔ کچھ ہی دیر بعد پتا چلا کہ ایک شخص بیٹی کی قبر ایک سائیڈ سے کھود کر بے حرمتی کررہا ہے، جس پر پولیس ٹیم نے چھاپا مارا تو قبرستان میں مرزا سلیمان کی بیٹی کی قبر کے پاس ایک شخص بیٹھا قبر کی مٹی کھودتے ہوئے پایا گیا، جسے فوراً قابو کرلیا گیا۔مقدمے کے متن کے مطابق گرفتار شخص نے اپنا نام یاسین بخاری اور خود کوادھوال کا رہائشی بتایا، جس کی تلاشی لی گئی تو اس کے ہاتھ میں پکڑے شاپنگ بیگ میں سے مٹی کا بنا ہوا انسانی جسم نما پتلا ،7 تعویز ،7 کیلیں جو لوہے کی تاروں سے بندھی ہوئی تھیں اور ایک چھوٹی کرنڈی برآمد ہوئیں ۔ملزم نے بتایا کہ مٹی کا انسانی جسم کا پتلا ،تعویز اور کیلیں وغیرہ کالے جادو کے لیے اس قبر میں دفنا رہا ہوں۔ ملزم نے ابتدائی طور پر مؤقف دیا کہ بیوی طویل عرصے سے بستر پر ہے، علاج کے لیے کچھ نہ چھوڑا، ایک بابا نے بتایاکہ قبرستان میں کچھ دبا ہوا ہے وہ نکالو گے تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔اس موقع پر کھدائی کرتے وقت پتلا وغیرہ ہاتھ میں پکڑے اور شاپنگ بیگ سے دیگر اشیا برآمد ہونے کے سوالات پر ملزم خاطر خواہ جواب نہیں دے پایا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے جائے تدفین پر مداخلت بے جا کرکے جرم کا ارتکاب کیا، جس پر اسے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔بعد ازاں پولیس نے ملزم کو عدالت پیش کیا تو دفعات قابل ضمانت ہونے پر عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرلی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

en_USEnglish