نورا فتیحی سے متعلق دل خراش خبر وائرل، مداح پریشان ہوگئے

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی سے متعلق ایک دل خراش خبر نے ان کے مداحوں کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔انٹرنیٹ پر گزشتہ روز ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ نورا فتیحی ایک بنجی جمپ حادثے میں ہلاک ہوگئی ہیں۔یہ ویڈیو پوسٹ ہونے کے فوراً بعد ہی وائرل ہوگئی اور کئی دیگر اکاؤنٹس نے بھی اس خبر کو دوبارہ سے شیئر کیا۔ تاہم بعد ازاں علم ہوا کہ یہ خبر مکمل طور پر غلط تھی اور اداکارہ بالکل ٹھیک ہیں۔وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ ایک خاتون بنجی جمپنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوجاتی ہیں۔ اور ویڈیو کے کیپشن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ خاتون نورا فتیحی ہیں۔وائرل ویڈیو کو صرف چند گھنٹوں میں 18 ملین سے زیادہ ویوز مل گئے تاہم بعد میں یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی گئی تھی۔اس وائرل پوسٹ کو کئی دیگر اکاؤنٹس سے بھی شیئر کیا گیا جس پر مداحوں کو اس خبر کی صداقت پر یقین آگیا۔ حالانکہ ویڈیو میں حادثے کا شکار ہونے والی خاتون کا چہرہ واضح نہیں تھا، تاہم بعد میں مداحوں نے اس بات کا ادراک کرلیا کہ وہ خاتون نورا فتیحی نہیں ہیں۔سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی اس غلط خبر سے مداحوں کو شدید صدمہ پہنچا۔ اور حقیقت عیاں ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے۔نورا فتیحی نے خود اس خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور اپنے نئے گانے “Snake” کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بالکل ٹھیک نظر آرہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

en_USEnglish