امریکا میں مسافر طیارے سے فوجی ہیلی کاپٹر ٹکرائے جانے کے واقعہ میں ہلاک مسافروں میں ایک پاکستانی خاتون اسری حسین بھی شامل ہیں۔اسری حسین کے شوہر حماد رضا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ 30 جنوری کو رات 8 بجے کے قریب جیسے ہی طیارہ ریگن نیشنل ائیرپورٹ کے قریب پہنچا تو ان کی اہلیہ نے موبائل فون پر انہیں ٹیکسٹ میسج کیا کہ ان کا طیارہ لینڈ کرنے والا ہے۔ حماد نے جوابی پیغامات بھیجے تو وہ وصول نہیں کیے جاسکے جس کا مطلب انہوں نے یہ سمجھا کہ کوئی گڑ بڑ ہوگئی ہے۔ بدقسمتی سے اسری کا بھی یہ آخری پیغام ثابت ہوا۔اسری حسین اس امریکی ائیرلائنز کی پرواز 5342 میں سوار تھیں جس سے امریکی فوج کا زیر تربیت بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اچانک ٹکراگیا تھا۔ اسری حسین ریاست کینساس کے شہر ویچیٹا میں کسی کام کے سلسلے میں گئی تھیں اور واپسی پر یہ ناگہانی آفت ٹوٹ پڑی۔حادثے میں اہلیہ کو کھونے والے حماد رضا کا تعلق امریکا کی ریاست میزوری سے ہے۔ لواحقین کے قریبی دوست نے بتایا کہ حماد رضا کی 2 برس پہلے اسری حسین سے شادی ہوئی تھی۔ اسری کی عمر تقریباً 26 برس اور حماد کی عمر 25 برس ہے۔ دونوں انڈیانا یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں۔ حماد ارنسٹ اینڈ ینگ میں اکاؤنٹنٹ کے طورپر ملازم ہیں اور حماد کا کہنا ہےکہ ان کی اہلیہ جہاز کے سفر کو آرام دہ تصور نہیں کرتی تھیں۔حماد رضا کے والد ڈاکٹر ہاشم رضا کا تعلق کراچی سے ہے ۔ وہ ڈاؤ یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں۔ ڈاکٹر ہاشم رضا ریاست میزوری کے مایہ ناز ترین ڈاکٹروں میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں۔ وہ اس وقت میزوری بیپٹیسٹ میڈیکل سینٹر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔