November 21, 2024

لاہور سے جعلی چیئرمین نیب ساتھی سمیت گرفتار

0

لاہور: نیب لاہور کے انٹیلی جنس ونگ نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی چیئرمین نیب کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو نیب کے سینئر افسر بن کر بلیک میل کرتے اور بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔ ترجمان نیب کے مطابق ملزمان اویس ظہور اور عامر ظہور کے خلاف نیب کے جعلی سینئر آفیسر بن کر شہریوں کو ڈرا دھمکا کر اور غیر ضروری دبا ڈال کر غیر قانونی طور پر رقوم وصول کرنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں جن پر نیب کے اعلیٰ حکام کی جانب سے فوری کارروائی کے احکامات صادر کیے گئے، نیب لاہور انٹیلی جنس ونگ نے ان احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو مزید تحقیقات کیلئے تھانہ چونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، نیب لاہور اس سے قبل بھی متعدد جعلی نیب افسران کی گرفتاری عمل میں لا چکا ہے، نیب لاہور نے اس ضمن میں شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ نیب سے متعلقہ کسی بھی مشکوک صورتحال یا شکایت کی صورت میں نیب انٹیلی جنس ونگ یا ترجمان نیب سے فوری رابطہ کریں۔
علاوہ ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر نیب عمران شیخ کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا، اس حوالے سے نیب کراچی اور اسلام آباد نے ایک مشترکہ کارروائی میں کرپشن کے الزام پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب عمران شیخ کو گرفتار کیا، عمران شیخ کو کرپشن میں ملوث ملزمان سے رشوت لینے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ نیب افسر پر چیک کی صورت میں رشوت لینے کا الزام ہے، افسر کئی چیک کیش بھی کروا چکا ہے، نیب نے گرفتار افسر کو اسلام آباد منتقل کرنے کے لیے ایک روزہ راہداری ریمانڈ بھی حاصل کر لیا، گرفتار ڈپٹی ڈائریکٹر نیب عمران شیخ کو اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

en_USEnglish